عمرکوٹ:بیدخل خاندانوں کی عارضی طور پرگھروں میں واپسی
وزیر داخلہ وآئی جی کا نوٹس، کارروائی میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کردیاآئی جی آفس رپورٹ کا حکم، تحقیقاتی کمیٹی قائم، ڈی آئی جی میرپورخاص سربراہ
عمرکوٹ (نامہ نگار) سلطان محلے میں پلاٹ کی ملکیت ا ور 20سے زائد غریب محنت کش خاندانوں کی بے دخلی کے معاملے پر متاثرین کی جانب سے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیاگیا، جس پرصوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجاراورآئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی میں ملوث ڈی ایس پی عمرکوٹ سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں کو معطل کرکے آئی جی آفس رپورٹ کرنے کاحکم دیاہے ، معاملے کی شفاف انکوائری کے لیے ڈی آئی جی میرپورخاص کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں ایس ایس پی شہید بینظیر آباد اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز شامل ہونگے ،تحقیقاتی کمیٹی کو عدالتی احکامات کی روشنی میں پولیس کارروائی، خواتین کی مبینہ بے حرمتی و زیادتی اور دیگر شکایات کا جامع جائزہ لے کر فوری تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کاحکم دیاگیاہے ،میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے چیئرمین خالد سراج سومرو متاثرین کے پاس پہنچے۔
انہوں نے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ پلاٹ کی ملکیت کا فیصلہ ہونے تک متاثرین اپنے گھروں میں رہیں گے ، اگرپلاٹ کی ملکیت ثابت نہیں ہوئی تووہ رضاکارانہ طورپر از خود پلاٹ کی رقم اپنی جیب سے اداکرکے مالکانہ حقوق متاثرہ خاندانوں کے حوالے کردیں گے ،دوسری جانب نصف شب کوحکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے ضلعی کونسل کے وائس چیئرمین میاں خالد ولہاری کی سربراہی میں وفد مذاکرات کیلئے متاثرین کے پاس پہنچا، وفد نے متاثرین سے کامیاب مذاکرات کرتے ہوئے گرفتار مرد وخواتین کی رہائی اور شفاف تحقیقات تک عارضی طورپر انکو انکے گھروں میں واپس رہائش رکھنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد متاثرین دھرناختم کرکے اپنے گھروں کوچلے گئے۔