پاکستان، افغانستان جنگ وجدل سے فوری اعلانِ برأت کریں، تنظیم اسلامی
ایک دوسرے پرحملوں کے دعوے ، قتل وغارت گری انتہائی تشویشناک، شجاع الدین شیخطاغوتی قوتیں مذموم مقاصد کے لئے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کوہوا دے رہی ہیں، بیان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان اور افغانستان فوری طور پر جنگ و جدل سے اعلانِ برأت کریں۔ برادر ہمسایہ مسلم ممالک صبر و تحمل اور صلح و سلامتی کی طرف آئیں۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران پاکستان اور افغانستان کا ایک دوسرے کے علاقوں پر حملوں کے دعوے اور قتل و غارت گری کرنا انتہائی تشویش ناک ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ طاغوتی قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے مشرقِ وسطیٰ اور ہمارے خطے کے مسلم ممالک کے آپس کے تنازعات کو ہوا دے رہی ہیں۔ پھر یہ کہ باطل قوتیں یہ بھی جانتی ہیں کہ احادیثِ مبارکہ میں مستقبل کا جو منظرنامہ بیان کیا گیا ہے۔
اُس میں اُن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ خراسان کا خطہ ہوگا، جس میں پاکستان کا کچھ حصّہ اور افغانستان بھی شامل ہیں۔ وہیں سے حضرت مہدیؓ کی نصرت اور یروشلم کی آزادی کے لیے افواج جائیں گی۔ لہٰذا وہ کسی قیمت پر پاک افغان تعلقات کو بہتر ہونے نہیں دے رہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں مسلمانوں کو ایک دوسرے کا بھائی قرار دیا ہے ۔ اپنے مسلم بھائی کا ناحق قتل بہت بڑا جرم اور گناہ ہے۔ لہٰذا اسلامی اخوت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور افغانستان فوری طور پر باہم قتل و غارت گری کو بند کرکے مذاکرات کی طرف آئیں۔