مہاجرین کی آڑ میں پختونوں کی تذلیل بند کی جائے ، شاہی سید

مہاجرین کی آڑ میں پختونوں کی تذلیل بند کی جائے ، شاہی سید

سندھ پولیس کو بطور ادارہ استعمال کرتے ہوئے پختون آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے غیر منصفانہ کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں،صدر عوامی نیشنل پارٹی سندھ

کراچی(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید نے کراچی میں مہاجرین کے نام پر پختونوں کی مبینہ پکڑ دھکڑ اور ہراسانی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ایما پر سندھ پولیس کو بطور ادارہ استعمال کرتے ہوئے پختون آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک افغان کشیدگی کو جواز بنا کر کراچی میں پختونوں کے گھروں، کاروباری مراکز اور بازاروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، نوجوانوں اور کم عمر بچوں کو دستاویزات کے نام پر حراست میں لے کر تھانوں میں مبینہ طور پر رشوت کے عوض چھوڑا جا رہا ہے۔

یہ عمل غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر انسانی ہے ، جسے فوری طور پر بند کیا جائے ۔شاہی سید نے کہا کہ سرکاری رپورٹس کے مطابق مہاجرین کے انخلا کا عمل مکمل ہو چکا ہے ، اس کے باوجود دو روز سے پختونوں کے خلاف کارروائیاں تشویشناک اور بدنیتی پر مبنی محسوس ہوتی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا شہر کی دیگر قومیتوں کے کم عمر بچوں کے پاس بھی دستاویزات موجود ہوتی ہیں، یا قانون کا اطلاق صرف پختونوں پر کیا جا رہا ہے ؟انہوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کو متنبہ کیا کہ غیر منصفانہ کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں۔ بصورت دیگر ایوانوں کے سامنے احتجاج کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں