سول اسپتال سے اغوا بچہ بازیاب،میاں بیوی گرفتار

سول اسپتال سے اغوا بچہ بازیاب،میاں بیوی گرفتار

کارروائی گارڈن کے علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیبازیابی کیلئے ایس ڈی پی او عیدگاہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی تھی

کراچی(آئی این پی)سول اسپتال کراچی سے 3 ماہ قبل اغوا ہونے والے بچے کو بازیاب کرا کر اغوا کار شوہر اور بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ قبل سول اسپتال سے اغوا ہونے والے بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے ۔پولیس نے اغوا میں ملوث میاں بیوی کو بھی گرفتار کر لیا، ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ یہ کارروائی گارڈن کے علاقے میں جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت علی اور اس کی اہلیہ قرت العین کے نام سے ہوئی ہے ، جنہوں نے تین ماہ قبل سول اسپتال سے اذان نامی بچے کو اغوا کیا تھا۔

بچے کی بازیابی کے لیے ایس ڈی پی او عیدگاہ ظفر پٹھان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس میں ایس ایچ او عیدگاہ اور ایس ایچ او گارڈن شامل تھے ۔اس ٹیم نے گزشتہ تین ماہ سے کیس پر مسلسل محنت کی اور نہایت حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے انتھک محنت اور ٹیکنیکل مہارت کا استعمال کرتے ہوئے معصوم بچے کو بازیاب کرایا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں