روہڑی:چلتی ٹرینوں سے شیشے کے فریم چوری، ملزمان گرفتار
ویڈیو وائرل ہونے پرپولیس کا ایکشن، ملزم راشد کی نشاندہی پر کباڑی بھی گرفتارگھوٹکی، جھڈو میں موٹر سائیکل لفٹر، اشتہاری وروپوش سمیت 6ملزم دھر ے گئے
روہڑی، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) روہڑی میں چلتی ٹرینوں سے شیشے کے فریم چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ گھوٹکی اور جھڈو میں بھی پولیس نے 6 ملزمان دھر لئے ۔ اس ضمن میں روہڑی ریلوے تھانے کے ایس ایچ او مظہرالدین سومرو نے ہزارہ ایکسپریس ڈاؤن کی کھڑکیوں کے فریم چوری کرنے والے 15 سالہ ملزم راشد ولد ممتاز میرا نی کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی تو ملزم کی نشاندہی پر کباڑی باغ علی شر کو بھی گرفتار کر لیا، ریلوے پولیس کے مطابق کباڑی کے قبضے سے ریلوے کا چوری شدہ قیمتی سامان برآمد ہوا ہے ۔ دوسری جانب گھوٹکی میں تھانہ اوباڑو پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مقابلے کے نتیجے میں ایک ملزم علی حسن ولد فوجان مزاری، سکنہ حال رہائش پنھوں خان مزاری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ کار اور پستول بھی برآمد کر لیا ہے ۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک چوری شدہ کار اور پستول برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم چوری، رہزنی، پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے ۔ تھانہ جروار پولیس نے اشتہاری اعجاز علی جسکانی، خالد ولد عثمان بوزدار سکنہ سوہانجھڑو کو گرفتار کر لیا۔ جھڈو میں موٹر سائیکل چور گینگ کے تین کارندے علی بخش ٹنگڑی،محمد زمان درس اور مراد علی ٹنگڑی پکڑے گئے ، ان کے قبضے سے پانچ عدد موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں،گرفتار ملزمان کے خلاف جھڈو تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔