عالمی طاقتیں جنگ نہیں مذاکرات کوفروغ دیں،سنی تحریک
امریکہ کی زبردستی کی جنگوں اور پالیسیوں کا نشانہ اکثر مسلم ممالک بن رہے ہیں طاقت کے زور پر مسلط پالیسیاں زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتیں،ثروت قادری ودیگر
کراچی(سٹی ڈیسک)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری ،مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری ،مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری نے جاری بیان میں کہا ہے کہ عالمی طاقتیں جنگ کے بجائے مذاکرات کو فروغ دیں۔ جنگیں ہمیشہ تباہی،بدامنی اور معاشی بحران کو جنم دیتی ہیں جس سے عام انسان سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی زبردستی کی جنگوں اور پالیسیوں کا نشانہ اکثر مسلم ممالک بن رہے ہیں جس کے نتیجے میں ان ممالک میں عدم استحکام، بدامنی اور انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے ۔مسلم دنیا کے وسائل اور جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے بعض عالمی طاقتیں انہیں دباؤ میں رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں جو کہ عالمی امن کے لیے انتہائی خطرناک رجحان ہے ۔ دنیا کے طاقتور ممالک کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ ظلم اور طاقت کے زور پر مسلط کی گئی پالیسیاں زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتیں۔تاریخ میں کئی طاقتیں آئیں اور اپنے انجام کو پہنچ گئیں۔اگر عالمی طاقتیں انصاف،امن اور برابری کے اصولوں کو نظر انداز کریں گی تو اس کے نتائج بھی عبرتناک ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو بھی چاہیے کہ وہ باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے اپنے مسائل کا حل تلاش کرے ۔اگر مسلم ممالک متحد ہو جائیں تو کوئی طاقت انہیں دبانے یا نقصان پہنچانے کی جرات نہیں کر سکتی۔