محنت کش عورتوں کی ریلی، جنگ اور جبر کے خاتمے کا مطالبہ
شرکاء کی امریکا اوراسرائیل کے خلاف نعرے بازی،ٹرمپ کا پتلا بھی نذر آتشپھرنوآبادیاتی نظام مسلط ،نئی تحریک جنگ آزادی وقت کی ضرورت،مقررین
کراچی(این این آئی)جنگی جنون اور قبضہ گیری نے ساری دنیا کو خوف ناک تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ، دنیا پر ایک بار پھر نوآبادیاتی نظام مسلط کر دیا گیا ہے جس سے عورتیں خصوصاً محنت کش عورتیں اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں،ایک نئی تحریک جنگ آزادی وقت کی ضرورت ہے ،جس کی منزل نہ صرف قومی آزادی و خودمختاری بلکہ سماجی ، طبقاتی ، جمہوری و صنفی انصاف پر مبنی سماج کے قیام ہی میں مضمر ہے ۔ امریکا اور اسرائیل کی ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہیں،جنگ کو فوری بند کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن پاکستان(ایچ بی ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے زیراہتمام محنت کش عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ‘‘محنت کش عورت ریلی’’سے خطاب کے دوران کیا۔ ریلی کراچی آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی جس کی قیادت فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری کامریڈ زہرا خان نے کی ۔رواں برس ریلی کا بنیادی نعرہ محنت کش عورت :جنگ اور جبر کے خلاف’’تھا۔ ریلی میں بڑی تعداد میں محنت کش،ہاری عورتیں اور خواجہ سرا نے شرکت کی۔ ریلی میں شرکا نے اپنے مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اور لال جھنڈوں کے علاوہ جمہوری و طبقاتی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے والی عظیم عورتوں کے پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے ۔اس موقع پر امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور امریکی صدر کا ڈونلڈ ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔