عظیم پورہ فلائی اوور سمیت 2ارب کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز
فلائی اوور کی لمبائی تقریباً 700میٹر ہوگی ، شاہراہ بھٹو سے شاہ فیصل راؤنڈ اباؤٹ تک 625میٹر روڈ تعمیر کی جائے گی رواں سال شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے 70سے 75ارب روپے تک خرچ کیے جائیں گے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سال 2026 کراچی میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہوگا اور اس سال شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے 70 سے 75 ارب روپے تک خرچ کیے جائیں گے جبکہ مختلف اداروں کی شراکت سے کراچی میں مجموعی طور پر تقریباً 100 ارب روپے کے ترقیاتی کام متوقع ہے ، ایف ڈبلیو او کے ساتھ مل کر جناح ایونیو پر انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ منور چورنگی انڈر پاس کو ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ضلع کورنگی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں عظیم پورہ فلائی اوور، لیاقت روڈ، کھوکھرا پار نمبر 5 تا کھوکھرا پار سی ایریا، مہران ڈپو روڈ ، جناح ایونیو تا بیگم خورشید روڈ اور ہاشم رضا روڈ ، جناح ایونیو تا کے ٹی سی چائے کمپنی کی بہتری اور بحالی کے منصوبے اور جامع ملیہ روڈ کی بہتری اور بحالی اور دیگر ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمدبھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ عظیم پورہ انٹر سیکشن پر فلائی اوور کی تعمیر اور ملحقہ سڑکوں کی بہتری کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ یہ منصوبہ ملیر ریور برج سے شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل ٹاؤن تک روڈ ری ہیبلیٹیشن، ڈرینیج اور الیکٹریفکیشن پر مشتمل ہے جس سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی، منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 1477 ملین روپے ہے اور اسے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم پورہ فلائی اوور کی لمبائی تقریباً 700 میٹر ہوگی جبکہ اطراف کی سڑکوں کی تعمیر اور توسیع بھی منصوبے کا حصہ ہے ۔ اسی طرح شاہراہ بھٹو سے شاہ فیصل راؤنڈ اباؤٹ تک 625 میٹر ڈوئل ٹریک روڈ تعمیر کی جائے گی۔ منصوبے میں جدید ڈرینیج سسٹم کی بہتری کے لیے نئے نالوں اور بارش کے پانی کی نکاسی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا جائے گا جبکہ علاقے میں بہتر روشنی کے لیے 93 اسٹریٹ لائٹس پولز اور 157 لائٹس نصب کی جائیں گی۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ لیاقت روڈ، مہران ڈپو روڈ اور ہاشم رضا روڈ کی بہتری اور بحالی کے منصوبے پر بھی کام کیا جائے گا جس کی مجموعی لاگت 205.660 ملین روپے ہے ۔