یوم علی ؓ پر جلوسوں ، مجالس کیلئے سکیورٹی پلان مرتب:ڈی سی
کمشنر اور آرپی او کاجلوسوں کے روٹس ،مجلسی مقامات کا دورہ،الرٹ رہنے کاحکم
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر اور سٹی پولیس آفیسر بلال عمر کی زیر صدارت21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں موجودہ ملکی صورتحال اور سکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوسوں اور مجالس کیلئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔سکیورٹی کے پیش نظر تمام جلوسوں کو نمازِ مغرب سے قبل مقررہ راستوں پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار تعینات ہونگے شرپسند عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی۔امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے یوم شہادت پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے متحرک ہیں۔مشرقِ وسطیٰ اور افغا ن صورتحال کے تناظر میں ممکنہ خطرات پراداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور اور آرپی او سہیل اختر سکھیرا نے یوم علی ؓپر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوسوں کے روٹس اورمجالس کے مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈجکوٹ روڈ پر امام بارگاہ کے باہر انتظامی وحفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کو چوکس انداز میں ڈیوٹی انجام دینے کا حکم دیا۔کمشنر نے جلوس کے روٹ پر صفائی،پانی کا چھڑکاؤ یقینی ،ٹریفک کیلئے متبادل انتظامات،سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی،جلوس میں داخل ہونے والوں کی جامع چیکنگ کی ہدایات جاری کیں۔