ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اہم امور،منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ
مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے :علی اکبر بھنڈر ،طلبہ سے بھی ملاقات
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی زیر صدارت ضلعی افسروں کا اجلاس ہوا جس میں مختلف سرکاری امور اور جاری منصوبوں کی پیشرفت سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ روز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور گراں فروشی کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔اجلاس میں پلس پراجیکٹ کے حوالے سے ریونیو افسروں کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت جاری کاموں کو مزید تیز کیا جائے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کیے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات سے ملاقات بھی کی اور ان سے تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے طلبہ کو تعلیم پر بھرپور توجہ دینے اور محنت کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے اور شہر و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں۔