جماعت اسلامی نوابشاہ، عوامی مسائل حل کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

جماعت اسلامی نوابشاہ، عوامی مسائل حل کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

عالمی حالات تشویشناک، حکومت نے 18سال سے مسائل پرتوجہ نہیں دی، کاشف سعیدصوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال، عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، صحافیوں سے گفتگو

نوابشاہ (نمائندہ دنیا)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے نوابشاہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی حالات تشویش ناک ہیں، مگر پچھلے 18 سال سے حکومت نے عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ، یہاں 26 اقسام کی معدنیات، تیل و گیس کے ذخائر اور دنیا کے ساتویں بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، جس سے 20 لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے ۔ بینکنگ، آئی ٹی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ترقی بھی سندھ میں موجود ہے ، مگر عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ کاشف سعید نے کہا کہ سندھ میں 44 فیصد گھرانے لکڑی پر کھانا پکاتے ہیں، 56 فیصد کو گیس کی سہولت نہیں، اور 46 فیصد کو صاف پانی میسر نہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت میں 45 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

تعلیم اور بچوں کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے مطابق سندھ میں 7لاکھ بچے بھوکے سوتے ہیں، بچوں کی نشوونما متاثر ہے اور شرح خواندگی 57 فیصد پر برقرار ہے ۔ مزید کہا کہ 67 فیصد اسکولوں میں بجلی کی سہولت نہیں اور تعلیمی ادارے مجموعی طور پر ناقص حالات کا شکار ہیں۔ کاشف سعید نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی سندھ عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور صوبے میں نظام سنوارنے کے لیے ایک وسیع تحریک چلائے گی تاکہ عوام کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے اور سندھ میں انصاف، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں