حادثات وواقعات میں پولیس اہلکار سمیت 4جاں بحق،7زخمی
شہداد پور میں موٹر سائیکل سے ٹکرا کرموبائل الٹ گئی، 6زخمی اسپتال منتقلجیکب آباد میں مختلف حادثات میں 3اموات، محراب پور میں نومولود کی لاش ملی
شہداد پور، اندرون سندھ (نمائندگان) ٹریفک حادثات، چھت گرنے سے پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ، جبکہ نومولود کی لاش ملی ہے۔ شہدادپور میں پولیس ٹریننگ کالج کے قریب ایس ایس پی نوابشاہ کے اسکواڈ میں شامل موبائل اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موبائل الٹ گئی۔ حادثے کے باعث ایک پولیس اہلکار سومر بروہی جاں بحق اور 6 اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں ظفر علی بگھیو، ابراہیم بروہی، میاں بخش مری، مرتضیٰ خاصخیلی اور خادم زرداری شامل ہیں۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو پولیس موبائل کے ذریعے سمس اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹروں نے اہلکار سومر بروہی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی کردی ہے۔
جیکب آباد میں کوئٹہ روڈ پر وین کی ٹکر سے گاؤں حاجی صاحب ڈنو سومرو کا رہائشی خیر محمد سومرو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، دوسرے واقعے میں صدر تھانے کی حدود سبزی منڈی کے قریب گاڑی کی ٹکر سے نوجوان مزمل برڑو جاں بحق ہوگیا، جبکہ آباد تھانے کی حدود گاؤں نواب کوریجا کا رہائشی 5 سالہ مدثر ولد گلزار کوریجو گھر کی چھت سے گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ محراب پور کے قریب شہباز کالونی میں نومولود بچے کی لاش دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے لاش مقامی رضا کاروں کی مدد سے سپرد خاک کر دی۔ جبکہ کمال ڈیرو کنڈیارو رابطہ سڑک پر حادثے میں تیز رفتارکار ڈرائیور کے کنٹرول سے نکل کر کھیت میں جاکر الٹ گئی، حادثے میں کار سوار امداد سولنگی نامی شخص زخمی ہوگیا۔