آتشزدگی واقعات:ریلوے گودام، سی این جی پمپ، 4گھر خاکستر
جیکب آباد میں گودام جلا، مٹیاری میں سی این جی پمپ کوآگ لگنے سے بھگدڑمحراب پور میں بروہی برادری کے گھروں کو آگ لگی، تمام سامان خاکستر ہوگیا
جیکب آباد، اندرون سندھ (نمائندہ دنیا) آتشزدگی واقعات میں ریلوے گودام، سی این جی پمپ اور 4 گھر جل گئے ۔ جیکب آباد کے بابو محلے میں ریلوے گودام میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو لپیٹ لیا، آگ کے نتیجے میں گودام میں موجود ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے رکھی لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی اور سلیپر، نٹ بولٹ اور دیگر سامان جل کر خاک ہوگیا، ذرائع کے مطابق گودام کے اطراف کی تنگ گلیوں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی کو موقع پر پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں، ریلوے حکام نے بتایا کہ گودام میں موجود زیادہ تر سامان آگ کی نذر ہوگیا اور گودام کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
مٹیاری میں ہالا کے قریب واقع شاہ لطیف سی این جی پمپ میں آگ بھڑک اٹھی، شدت زیادہ ہونے سے بھگدڑ مچ گئی، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ شہری بھی جمع ہوگئے اورآگ بجھانے میں مشغول ہوگئے۔ محراب پور میں بھریا روڈ تھانے کی حدود گاؤں خاستی بروہی میں لگنے والی آگ نے بروہی برادری سے تعلق رکھنے والے غلام سرور بروہی، محمد اسحاق بروہی، رحمت اللہ بروہی اور اعظم بروہی کے گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ اطلاع کے باوجود نہیں پہنچی، چاروں گھر اور ان میں رکھا ہوا فرنیچر، صندوق، بستر، عید ملبوسات، نقدی اور برقی آلات جل کر خاستر ہوگئے۔