میرپور خاص بورڈ، بڑے گھپلے ، ہزاروں طلبا کے نمبر بڑھانے کاانکشاف

میرپور خاص بورڈ، بڑے گھپلے ، ہزاروں طلبا کے نمبر بڑھانے کاانکشاف

2گرفتار ملزمان کا اعتراف جرم، 2021سے 2025تک رشوت لیکر نمبر بڑھائےفیل امیدوار بھی پاس کئے ، یہ منظم نیٹ ورک تھا، پولیس، مزید گرفتاریوں کابھی امکان

میرپور خاص (بیورورپورٹ)میرپور خاص بورڈ میں بڑے گھپلے سامنے آئے ہیں، جہاں رشوت لیکر ہزاروں طلبا کے نمبر بڑھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ 2 گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ اے ایس پی سٹی قرۃ العین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تعلیمی بورڈ کے امتحانی نتائج میں مبینہ بڑے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے ، جہاں تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ 2021 سے 2025 تک ہزاروں طلبہ کے نمبر مبینہ طور پر رشوت لے کر بڑھائے گئے اور فیل امیدواروں کو پاس کیا گیا، پولیس کے مطابق اس معاملے میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے ۔ اب تک دو ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے ، جبکہ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق یہ ایک منظم نیٹ ورک تھا جس میں بورڈ کے مختلف افسران اور اہلکار مبینہ طور پر ملوث ہیں، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ فیل طلبہ کو پاس کروانے کے لیے کم از کم 50 ہزار روپے جبکہ براہِ راست میٹرک یا انٹر کے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے 4 سے 5 لاکھ روپے تک وصول کیے جاتے تھے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ریکارڈ سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ صرف 2023 میں تقریباً 11 ہزار طلبہ کے نمبر بڑھائے گئے ، جبکہ 2022 میں تقریباً 9 ہزار امیدواروں کے گریڈ تبدیل کیے گئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی اور عارضی ہیں، مکمل ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے ، گرفتار ہونے والے ملزم اعظم خان جو بورڈ میں اسسٹنٹ کمپیوٹر پروگرامر کے طور پر کام کرتا تھا، نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ فیل طلبہ کو پاس کرنے ، گریڈ بڑھانے اور جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا کام باقاعدہ طور پر کیا جاتا تھا، اس نے انکشاف کیا کہ اس پورے نیٹ ورک کا مرکزی کردار کنٹرولر انور خانزادہ تھا جو تمام معاملات اور مالی لین دین کو کنٹرول کرتا تھا، ملزم کے مطابق اس نیٹ ورک میں سیکریٹ برانچ کے سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر ملازمین بھی شامل تھے ، جبکہ باہر کے ایجنٹس اور بعض اسکولوں کے منتظمین بھی اس عمل میں سہولت کاری کرتے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں