عیدکے دوسرے روز شہریوں کاتفریحی مقامات کا رخ
شہر بھر میں پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بڑی شاہراہوں اور چھوٹی سڑکوں پر ٹریفک کا رش دیکھنے میں آیا
کراچی (اے پی پی)شہر قائد میں عیدالفطر کے دوسرے روزشہریوں نے مختلف تفریحی مقامات،پارکوں بشمول ساحلی علاقوں ،ہوٹلز اور ریسٹورنٹ کا رخ کرکے مزے مزے کے کھانے کھائے اور بھر پور عید منائی ۔اس موقع پرپولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔شہریوں نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عید کے دوسرے روز اپنے عزیز واقارب اور دوستوں کے گھروں پر جاکر دعوتیں اڑاتے ہیں، مزے مزے کے پکوان کھاتے اور خوب تفریح کرتے ہیں۔عید کے دوسرے دن بھی بڑوں کی جانب سے جہاں ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری رہا وہیں بچوں کی عیدی کی وصولی بھی جاری ہے ۔تفریح کے علاوہ شہری ملاقات کیلئے اپنے رشتے داروں کے گھروں پر بھی گئے جس کی وجہ سے بڑی شاہراہوں اور چھوٹی سڑکوں پر ٹریفک کا رش دیکھنے میں آیا۔عید کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے خواتین کی جانب سے بھی گھروں میں مزے مزے کے پکوانوں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ بچوں کی تفریح کیلئے مختلف مقامات پرجھولوں اور دیگر تفریحی سامان کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا کا بندوبست بھی کیا گیا ۔اس موقع پر خواتین و بچوں نے ہلہ گلہ کیا ،کوئی گھوڑے پر سوار تو کوئی اونٹ پر بیٹھ گیا،بچوں نے بھی دن بھر کی عیدی مزے کرنے میں اڑا دی،کچھ بچے اونٹ گاڑی کی سواری کر رہے ہیں کوئی جھولا جھول رہا ہے تو کوئی آئس کریم ،گول گپوں پر ہاتھ صاف کر رہا ہے ۔