بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں مشعل راہ ہیں ،فریال تالپور

بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں مشعل راہ ہیں ،فریال تالپور

مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے ثابت کیا کہ جرأت کی کوئی حد نہیں ہوتیپاکستان میں جمہوری قوتوں کے لیے امید کی ایک روشن کرن بھی تھیں،بیان

کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم بھٹو نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے ثابت کیا کہ جرأت اور قیادت کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، فریال تالپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نہ صرف استقامت کی علامت تھیں بلکہ پاکستان میں جمہوری قوتوں کے لیے امید کی ایک روشن کرن بھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت نے مشکل ترین حالات میں بے مثال ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور ملک کی تاریخ کے نازک ترین ادوار میں قیادت کرتے ہوئے اصولوں اور عوامی حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں، آئین سے ان کی غیرمتزلزل وابستگی، اور پیپلز پارٹی کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ مادر جمہوریت کی میراث ہمیں سچ، انصاف اور عوامی حاکمیت کے لیے ڈٹ کر کھڑے رہنے کا حوصلہ دیتی ہے ۔ فریال تالپور نے قوم پر زور دیا کہ مادرِ جمہوریت کے عظیم ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جمہوری اقدار کے فروغ، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ایک منصفانہ، ہمہ گیر اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں