عید سیل سیزن بدترین ،خریداری40فیصدکم رہی،عتیق میر
مہنگائی نے عوام کی قوتِ خرید ختم کر دی،70فیصد اسٹاک فروخت نہ ہو سکاعوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں ،چیئرمین تاجر اتحاد
کراچی (این این آئی)آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ شہر میں عید سیل سیزن ملکی تاریخ کا بدترین سیزن ثابت ہوا ہے ، جس کے باعث تاجروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ روز اپنے بیان میں چیئرمین عتیق میر نے بتایا کہ رواں سال عید کی خریداری گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد کم رہی ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ چیئرمین آل کراچی تاجر اتحادکے مطابق تاجروں نے عید کے سیزن کے لیے بڑی امیدوں کے ساتھ بھاری مقدار میں سامان گوداموں میں جمع کیا تھا، تاہم خریداروں کی کمزور قوتِ خرید کے باعث تقریباً 70 فیصد اسٹاک فروخت نہ ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال بمشکل 10 ارب روپے کا سامان فروخت کیا جا سکا، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی مالی حالت کو بری طرح متاثر کیا ہے ، جس کے باعث لوگوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ ایسی صورتحال میں عید جیسے تہوار پر اضافی خریداری کرنا شہریوں کے لیے ممکن نہیں رہا۔عتیق میر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بحال کیا جا سکے اور آئندہ سیزن میں تاجروں کو ایسے نقصانات سے بچایا جا سکے ۔