میرپور خاص میں ایل پی جی من مانی قیمتوں پرفروخت ہونے لگی
سرکاری نرخ 304روپے کلو مقرر، دکاندار شہریوں سے 550بٹورنے لگےگھروں میں گیس نہیں آرہی، مجبوراً سلنڈر استعمال کرتے ہیں، شہریوں کی گفتگو
میرپور خاص، جھڈو (نمائندگان)وفاقی حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد میرپورخاص، جھڈو اور نواح میں بھی مہنگائی کا طوفان آ گیا، ایل پی جی سرکاری نرخوں کے برعکس 550 روپے فی کلو سے زائد میں فروخت ہونے لگی، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت 304 روپے فی کلو ہے مگر مقامی سطح پر دکاندار من مانی کرتے ہوئے ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، شہریوں کے مطابق گھروں میں گیس کی غیر یقینی فراہمی کے باعث وہ مجبوراً ایل پی جی استعمال کرتے ہیں لیکن بڑھتی قیمتوں نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس پہلے ہی محدود اوقات میں آتی ہے ، باقی وقت ہم ایل پی جی استعمال کرتے ہیں مگر اب اس کی قیمت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے ، ہر روز نئی قیمت سننے کو ملتی ہے جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق میرپورخاص میں گھروں تک سلنڈر پہنچانے کی قیمت بھی غیر معمولی طور پر بڑھ چکی ہے اور ایک سلنڈر 5 ہزار سے 7 ہزار روپے تک فروخت ہو رہا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیکر سرکاری نرخوں پر عمل کرایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے۔