اساتذہ کے ٹائم اسکیل کیس میں کٹوتی روکنے کا حکم

اساتذہ کے ٹائم اسکیل کیس میں کٹوتی روکنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں پی ٹی اور ڈرائنگ ٹیچرز سمیت دیگر اساتذہ کے ٹائم اسکیل ختم کرنے اور اضافی مراعات کی واپسی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

 اس موقع پر عدالت نے تنخواہوں اور اسکیل میں کٹوتی نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کو دیگر مماثل درخواستوں کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے محکمہ تعلیم اور محکمہ خزانہ سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی جب کہ عدالت نے پہلے ہی پی ٹی اور ڈرائنگ ٹیچرز کی تنخواہوں یا پنشن سے جبری وصولی سے روک رکھا ہے ۔ دوران سماعت درخواست گزار اخلاق احمد چانگ نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں سروس کے دوران قواعد و ضوابط کے تحت ترقی اور اپ گریڈیشن دی گئی اور حکومت سندھ کی ٹائم اسکیل پالیسی کے مطابق گریڈ 15 سے 20 تک تنخواہیں ادا کی جاتی رہیں۔ درخواست گزار کے مطابق بعد ازاں محکمہ خزانہ نے ایک خط کے ذریعے ٹائم اسکیل کے فوائد ختم کرنے کا حکم دیا اور اضافی ادائیگیوں کی واپسی کی ہدایات جاری کیں جس کے بعد محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بھی اس پر عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں