مویشی منڈی میں رونقیں، جانوروں کی آمد جاری
منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے واٹر سپلائی کے لیے 30 ہزار گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ،ایڈمنسٹریٹر
کراچی (این این آئی)کراچی میں ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی اپنے نویں روز میں داخل ہو گئی ہے ، جہاں ملک کے مختلف شہروں سے بیوپاری بڑی تعداد میں قربانی کے جانور لے کر پہنچ رہے ہیں۔ بلوچستان کے شہر حب، پنجاب کے ضلع رحیم یار خان، سندھ کے ضلع جیکب آباد سمیت کراچی اور دیگر علاقوں سے آنے والے بیوپاری منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق منڈی میں اس وقت قربانی کے جانوروں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ، جبکہ مزید جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ، سبی، حب، جیکب آباد، رحیم یار خان اور کراچی سمیت ملک بھر سے بیوپاری اپنی مویشیوں کے ساتھ منڈی پہنچ رہے ہیں۔منڈی انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کی سہولت کے لیے پانی کی فراہمی کا موثر انتظام کیا گیا ہے۔
ہر بلاک میں 24 گھنٹے پانی کی سپلائی جاری رکھنے کے لیے عملہ الرٹ ہے ۔ واٹر سپلائی کے لیے 30 ہزار گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ منڈی کے وسط میں تین بڑے ٹینکر نصب کیے گئے ہیں، جبکہ ایک ہزار گیلن کے اضافی ٹینکرز بھی مختلف بلاکس میں تعینات ہیں۔واٹر سپلائی منیجر بشیر احمد کے مطابق بیوپاریوں کو ان کے جانوروں کی تعداد کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ چھوٹے جانوروں کے لیے روزانہ 8 لیٹر جبکہ بڑے جانوروں کے لیے 30 لٹر پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیوپاری اپنے جانوروں کے کارڈ آویزاں کرتے ہیں اور اسی حساب سے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیوپاریوں و جانوروں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔