کنڈیارو کالج میں طالبات کاسینٹر تبدیل، بائیکاٹ کی دھمکی پربحال
گرلز ہائی اسکول منتقل کیا گیا تھا، چیئرمین بورڈ کے فیصلے کیخلاف طالبات کی ریلیاحتجاجاً پرچوں کے بائیکاٹ اور دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا، احتجاج پر سینٹر بحال
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)کنڈیارو میں ڈگری کالج کی طالبات کا امتحانی سینٹر تبدیل کرنے کے خلاف احتجاج اور پرچوں کے بائیکاٹ کرنے کے اعلان پر چیئرمین بورڈ نے سینٹر بحال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کنڈیارو ڈگری کالج میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کی طالبات کا سینٹر بنایا گیا، جسے نواب شاہ بورڈ کے چیئرمین اور کنٹرولر نے بوائز ڈگری کالج سے گرلز ہائی اسکول منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے خلاف طالبات کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
طالبات کا کہنا تھا کہ ڈگری کالج کنڈیارو میں امتحان دینے کی تمام سہولتیں موجود ہیں، اس کے باوجود انہیں بغیر کسی جواز کے ہائی اسکول میں پرچے دینے کے لیے بھیجا جا رہا ہے ، جو سراسر ناانصافی ہے۔ اس موقع پر جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد رمضان خاصخیلی بھی طالبات کی حمایت کرتے ہوئے احتجاج کی جگہ پہنچ گئے ۔ طالبات نے وزیرِ تعلیم اور سیکریٹری تعلیم سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نوٹس لے کر امتحانی سینٹر کو دوبارہ ڈگری کالج کنڈیارو میں منتقل کیا جائے ، بصورتِ دیگر کالج گیٹ کے سامنے دھرنا دے کر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ بعد ازاں ڈگری کالج انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ چیئرمین بورڈ نے طالبات کے لیے ڈگری کالج میں امتحانی مرکز بحال کردیاہے۔