اندرون سندھ:حادثات وواقعات میں 4 ہلاک، زخمی چل بسا

اندرون سندھ:حادثات وواقعات میں 4 ہلاک، زخمی چل بسا

محراب پور میں بچی ڈوب گئی، روہڑی کینال سے لاش ملی، ڈکیتی مزاحمت پراہلکار زخمیپنگریو حادثے میں نوجوان ہلاک، ایک زخمی چل بسا، شہداد پور میں نوجوان کی خودکشی

اندرون سندھ (نمائندگان)ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ، جبکہ ایک زخمی بھی چل بسا۔ محراب پور کے گاؤں لڑ میں دو سالہ بچی میرب بنت امان اللہ بھٹی گھر کے قریب حوض میں گر گئی اور ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔ جبکہ روہڑی کینال کے کوٹری کبیر ریگولیٹر کے دروازے میں پھنسی لاش کو نکالنے کے بجائے پولیس اور ریسکیو عملہ موقع سے غائب ہوگیا، لاش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوچکی ہے ۔ جبکہ اکری تھانے کی حدود میں پولیس کانسٹیبل امیر علی لاشاری کو کرونڈی حسین پاتو رابطہ سڑک پر رتڑ چوک پر رہزنوں نے ڈکیتی مزاحمت پر زخمی کر دیا۔

دریں اثنا پنگریو کے نواحی شہرشادی لارج کے قریب تھرکول بائی پاس پر حادثے کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان نارو کولہی ہلاک ہوگیا، جو گاؤں اوکو کولہی کا رہائشی تھا۔ تیز رفتار مزدا نے موٹر سائیکل کوکچل دیا۔ جبکہ چار روز قبل پنگریو ٹنڈو باگو روڈ پر خلیفو قاسم کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث گر کر شدید زخمی ہونے والا اعظم آرائیں کراچی کے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ علاوہ ازیں شہدادپور کے قریب گاؤں باجھی خان رند میں 35 سالہ پانچ بچوں کے والد دیدار علی خاصخیلی نے مبینہ خودکشی کرلی۔ ذرائع کے مطابق متوفی آئس کرسٹل کا عادی تھا اور نشہ نہ ملنے پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ لاش کو ورثا نے سول اسپتال شہدادپور منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں