ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہزارہ گینگ کے 3ملزمان گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے رشید آباد سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’’ہزارہ گینگ ‘‘سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان زوہیب شاہ عرف بابو ولد خالد شاہ (گینگ کا سرغنہ)، شہریار عرف موٹا ولد چند شاہ اور عطاا لرحمن عرف مسیت ولد زبیر احمد خان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری، موبائل فون اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 3سالوں سے مہینے میں تقریباً 3 سے 4 موٹرسائیکل چوری کرنا، روزانہ کی بنیاد پر 4 سے 6 موبائل فون اور 40 سے 50 ہزار روپے نقدی چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث ہیں۔