شہریوں کے لئے سڑکیں موت کا جال بن گئیں، راجا اظہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے کہا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے بڑھتے حادثات نے کراچی کی سڑکوں کو شہریوں کیلئے موت کا جال بنا دیا اور سندھ حکومت کی غفلت اب ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔
اپنے بیان میں راجا اظہر نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں دو خواتین سمیت 5 افراد کی ہلاکت نے ٹریفک بدانتظامی کی سنگینی کو بے نقاب کردیا،یہ افسوسناک واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ شہری سڑکوں پر غیر محفوظ ہوچکے جبکہ حکومت شہریوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اداروں کے مطابق 110 دنوں میں 108 قیمتی جانوں کا ضیاع کسی اتفاقی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ منظم بدانتظامی اور غفلت کا شاخسانہ ہے ۔ راجا اظہر نے مزید کہا کہ ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کی تربیت ، لائسنسنگ اور فٹنس کا نظام ناکام ہوچکا ہے، غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیاں شہر میں آزادانہ گھوم رہی ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ہیوی ٹریفک کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے۔