ڈکیتی و راہزنی کی وارداتیں معمول ،جے یوآئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے میڈیا کوآرڈینیٹرمولانا سمیع الحق سواتی نے کہا ہے کہ تھانہ سائٹ سپر ہائی وے اور نئی سبزی منڈی پولیس چوکی کی حدود میں واقع جنجھار گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، جس کے باعث عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد صدیق اکبر جنجھار گوٹھ سے ملحقہ علاقائی عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی سبزی منڈی، سپر ہائی وے اور اطراف کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ مسلح ڈکیت سرعام شہریوں، تاجروں اور آنے جانے والوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ رہے ہیں، مزاحمت پر شہریوں کو زدوکوب اور زخمی کرنے کے واقعات بھی بڑھتے جارہے ہیں۔نئی سبزی منڈی جیسے اہم تجارتی مرکز کے باوجود یہاں سکیورٹی کے ناقص انتظامات سوالیہ نشان ہیں۔ پولیس کی جانب سے گشت نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اہلکار دیگر معاملات میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، جس سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان علاقوں میں پولیس نفری اور موبائل گشت میں اضافہ کیا جائے۔