مویشی نمائش ختم، کروڑ وں روپے کے سودے ہوئے

مویشی نمائش ختم، کروڑ وں روپے کے سودے ہوئے

250سے زائد فارمز نے اپنے نایاب اور قیمتی ترین جانور پیش کیے آخری روز شہریوں کی بڑی تعداد کی اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ شرکت

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایکسپو سینٹر میں ہونے والی ملک کی سب سے بڑی مویشی نمائش اپنے تمام تر رنگوں اور رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔اس نمائش میں پاکستان کے 250 سے زائد فارمز نے اپنے نایاب اور قیمتی ترین جانور پیش کیے ، جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں کا سمندر امڈ آیا۔نمائش کے دوران وی آئی پی بلاک مرکزِ نگاہ رہا، جہاں گلابی چولستانی اور ملکہ نسل کے وزنی بیلوں نے سب کو حیران کر دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹر سے بات کرتے ہوئے فارم مالکان نے بتایا کہ اس بار خریداروں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ نمائش میں جہاں ’قربانی لوور‘ نامی بیل 25 لاکھ روپے میں فروخت ہوا، وہیں 1 کروڑ اور ساڑھے 3 کروڑ روپے مالیت کے جانوروں کے سودے بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

اس میلے کا سب سے بڑا شاہکار وہ سیاہ رنگ کا بھاری بھرکم بیل تھا جس کی قیمت 4 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی۔ شہریوں نے نہ صرف ان جانوروں کے ساتھ تصاویر بنوائیں بلکہ ’’پٹھان‘‘نامی غصیلے مگر خوبصورت بیل کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل رہیں۔نمائش کے آخری روز شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے فیسٹیولز سے جہاں بچوں کو قربانی کے جانوروں کے بارے میں معلومات ملتی ہے ، وہیں یہ کراچی کی رونقوں میں اضافے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق نمائش کی کامیابی اور شہریوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں اسے مزید بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا ارادہ ہے ۔میلہ ختم ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر ان نایاب جانوروں کے چرچے اب بھی جاری ہیں، جو اس ایونٹ کی غیر معمولی کامیابی کا ثبوت ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں