اسماعیل راہو کے امتحانی مراکز کے دورے ،نقل کا مواد برآمد

اسماعیل راہو کے امتحانی مراکز کے دورے ،نقل کا مواد برآمد

منظم واقعات پر شدید برہم،لیاری کے اسکول کا سینٹر منسوخ کرنے کا حکم نقل میں ملوث عناصر کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،وزیرِ جامعات

کراچی (آئی این پی)وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے مختلف امتحانی مراکز کے دوروں کے دوران امیدواروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور نقل کا مواد برآمد کرلئے ۔تفصیلات کے مطابق اسماعیل راہو نے صدر اور لیاری کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران امتحانی عمل میں سنگین بے ضابطگیاں، موبائل فونز کا کھلے عام استعمال اور نقل کے منظم واقعات سامنے آنے پر صوبائی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔لیاری میں واقع نیو وژن گرامر اسکول کے دورے کے دوران امیدواروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور نقل کا مواد برآمد ہوا۔

اسماعیل راہو نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ کو مذکورہ اسکول کا امتحانی مرکز فوری منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔بہار کالونی میں جب وزیرِ تعلیمی بورڈز نے طلبہ کی کاپیاں چیک کیں تو انکشاف ہوا کہ متعدد امیدواروں کا پرچہ حرف بہ حرف ایک جیسا تھا جو کہ منظم نقل کا ثبوت ہے ۔صوبائی وزیر نے ایک ہی سینٹر میں 16 مختلف اسکولوں کی 400 سے زائد طالبات کو منتقل کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔دورے کے دوران متعدد مراکز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کی شکایات بھی موصول ہوئیں جس پر اسماعیل راہو نے انتظامیہ کو طلبہ کی سہولت کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل راہو نے واضح کیا کہ نقل میں ملوث عملہ ہو یا دیگر عناصر، کسی صورت بھی کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا، حکومت بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں