حکمرانوں نے شہرِ قائد کو لاوارث چھوڑ دیا،ایم کیوایم

حکمرانوں نے شہرِ قائد کو لاوارث چھوڑ دیا،ایم کیوایم

یونیورسٹی روڈ پر واٹر لائن کا پھٹنا انتظامیہ کی نااہلی کا واضح ثبوت ہےعوام مزید سوتیلی ماں جیسے سلوک برداشت نہیں کریں گے ، اراکین اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکینِ اسمبلی نے کراچی کے شہری اضلاع بالخصوص یونیورسٹی روڈ کی ابتر صورتحال اور واٹر پائپ لائن پھٹنے کے باعث پیدا ہونے والے سنگین بحران پر گہری تشویش اور شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں نے شہرِ قائد کو لاوارث چھوڑ کر موروثی سیاست اور کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ جیسی مصروف ترین شاہراہ پر واٹر پائپ لائن کا پھٹنا اور کئی روز گزر جانے کے باوجود اس کی مرمت نہ ہونا انتظامیہ کی نااہلی اور کراچی دشمنی کا واضح ثبوت ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے بلکہ قیمتی پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جبکہ شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں، اراکینِ اسمبلی نے واضح کیا کہ اربن اضلاع سے کھربوں روپے کا ٹیکس وصول کرنے والی صوبائی حکومت یہاں کے انفرااسٹرکچر پر ایک روپیہ خرچ کرنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے پوری یونیورسٹی روڈ دھول مٹی اور کھڈوں کے باعث حادثات کا گڑھ بن چکی ہے اور شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیاکہ یونیورسٹی روڈ کی فوری تعمیرِ نو اور پانی کی فراہمی کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے کیونکہ کراچی کے عوام اب مزید اس سوتیلی ماں جیسے سلوک اور انتظامی بے حسی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں