کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، پرائس کنٹرول پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت

کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، پرائس کنٹرول پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت

زائد قیمتیں وصول کرنیوالوں کو لگام ڈال کر صارفین کو ریلیف دیاجائے :مسرت جبیں تجاوزات کیخلاف سخت کارروائی ،ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن میں ‘‘کی پروفارمنس انڈیکیٹرز’’پر عملدرآمد کے جائزہ کیلئے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصر کے علاوہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور بریفنگ دی۔کمشنر نے کی پروفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے پرائس کنٹرول میکنزم پر مؤثر عملدرآمد کی تاکید کی اور کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل چیکنگ کی جائے ، من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کو لگام ڈال کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی مین ہول بغیر ڈھکن نظر نہیں آنا چاہیے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے اس ضمن میں زیرو ٹالرنس اپنانے کی واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ انہوں نے فلٹریشن پلانٹس کے فعال ہونے کو زمینی حقائق کے مطابق چیک کرانے ، تعلیمی اداروں اور ہیلتھ فسیلٹیز کے وزٹس پر زور دیا۔کمشنر مسرت جبیں نے اتائیت کے قلع قمع کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو علاج کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے انسداد تجاوزات آپریشن پوری قانونی قوت سے جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر پالتو ڈاگز کی رجسٹریشن کی جائے ، وال چاکنگ کا صفایا کرایا جائے ، ایل پی جی گیس ریفلنگ کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی کی جائے ، ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کیلئے آن گراؤنڈ اقدامات واضح نظر آنے چاہئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں