ایم ڈی ستھرا پنجاب کا دیہی علاقوں میں ناقص صفائی پر اظہار برہمی
کچرے کے ڈھیر اور گوبر کی موجودگی،صفائی کا نظام فوری بہتر کی ہدایت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ایم ڈی ستھرا پنجاب کا دیہی علاقوں میں ناقص صفائی پر اظہار برہمی۔ کچرے کے ڈھیر اور گوبر کی موجودگی پر اظہار برہمی، فوری بہتری کی ہدایت جاری کی۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر ایم ڈی ستھرا پنجاب یوسف چھینہ نے مختلف دیہی علاقوں اور بائی پاسز کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال انتہائی تشویشناک پائی گئی۔دورے کے دوران ڈور ٹو ڈور کلیکشن بعض علاقوں میں تسلی بخش رہی تاہم بیشتر دیہی بستیوں میں صفائی کا نظام ناقص دکھائی دیا۔ خاص طور پر حاجی واہ، منڈا چوک اور بستی ڈرگ میں دستی جھاڑو نہ ہونے کے برابر پایا گیا۔متعدد مقامات پر کچرے اور جانوروں کے گوبر کے بڑے بڑے ڈھیر موجود تھے جن میں حاجی واہ، منڈا چوک، بستی ڈرگ، بستی مندورین، بستی کھڑک اور میرپور بستی شامل ہیں۔ اسی طرح علی پور بائی پاس، پیر جہانیاں، چمن بائی پاس اور خانگڑھ تا شاہ جمال روڈ پر بھی صفائی کی صورتحال خراب پائی گئی۔ایم ڈی ستھرا پنجاب نے خانگڑھ تا شاہ جمال روڈ پر صفائی کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مرکزی شاہراہوں پر کچرے کے ڈھیر ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طور پر مکینیکل اسکریپنگ، مؤثر دستی صفائی اور کچرے کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔