جیلوں میں تمام سہولیات ممکن بنائیں گے ،صوبائی وزیر

جیلوں میں تمام سہولیات ممکن بنائیں گے ،صوبائی وزیر

کوشش ہے جیل سے نکلنے کے بعد قیدی اچھے شہری بنیں،علی حسن زرداریسینٹرل جیل میں تقریب،60پولیس موبائلز، 25 ایمبولینسزتقسیم کی گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کی جیلیں بہتر بنا رہے ہیں اور کوشش ہے کہ جیل سے نکلنے کے بعد قیدی اچھے شہری بنیں۔ سندھ بھر کی جیلوں میں تمام سہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے ۔ سندھ کے محکمہ جیل کے زیر اہتمام کراچی سینٹرل جیل میں ہونے والی تقریب میں آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ مختلف جیل اضلاع کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر 60 جیل پولیس موبائلز، 25 ایمبولینسز اور 35 موٹر سائیکلوں کی چابیاں مختلف اضلاع کے جیل افسران میں تقسیم کی گئیں۔وزیر جیل خانہ جات علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جب کوئی قیدی جیل سے رہا ہو تو وہ ایک بہتر انسان بن کر معاشرے میں واپس جائے ۔ جیلوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات سندھ فدا حسین مستوئی نے کہا کہ آج جیل کی تاریخ کا اہم دن ہے ۔ ہمیں پہلے کبھی اتنے وسائل میسر نہیں آئے ۔ ہم نے جیلوں کے نظام کا جائزہ لے کر سمری تیار کی، جس پر عمل درآمد کیا گیا۔ قیدیوں کے لیے سہولیات، صحت اور انفراسٹرکچر پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ۔ مستقبل میں جیلوں میں اے آئی بیسڈ کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔تقریب کے دوران جیل اسٹاف میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے جبکہ متعدد افسران کی ترقی کا بھی اعلان کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں