تاجروں کے تحفظات دور ہونے تک معیشت نہیں سنبھلے گی:کاشف چودھری
وزیراعظم ایف بی آر کی پالیسیوں کا نوٹس لیں :صدرمرکزی تنظیم تاجران پاکستان
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے انتہائی نازک موڑ پر کھڑا ہے ، جب تک تاجر برادری کے تحفظات دور نہیں کئے جاتے معیشت سنبھلے گی نہ ہی معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف ایف بی آر کی پالیسیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ،تاجروں کو محدود اختیارات رکھنے والے ایف بی آر کے ذمہ داروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دورہ فیصل آباد کے موقع پر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد کے ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نئے مالی سال کے بجٹ کا ذکر کرتے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تاجر تنظیموں کی تجاویز کو شامل کیا جائے ، سوا کروڑ سے زائد تاجروں کیلئے اردو میں سادہ اور آسان ٹیکس ریٹرن فارم تیار کیا جائے ،پاکستان دنیا کا شاید پہلا ملک ہے جہاں بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات حکومتی ریونیو کا بڑا ذریعہ بن چکی،بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ٹیکس شامل کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی،اوگرا اور نیپرا معیشت کو تباہ اور عوام کو مہنگائی میں دھکیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ٹیکسٹائل حب ہے لیکن صنعتکاروں کو تحفظ حاصل نہیں، مہنگی بجلی اور گیس کے باعث فیکٹری مالکان مشینری کباڑ میں بیچنے پر مجبور ہیں،مہنگائی اور بے روزگاری میں بھی ل اضافہ ہو رہا ہے ۔محمد کاشف چودھری نے کہا کہ حکومت کوخبردار کرتے ہیں کہ عوام اور تاجروں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے ، حکومت پٹرولیم لیوی میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔انہوں نے پیرا فورس کا ذکر کرتے کہا کہ صرف وردی کا رنگ بدلنے سے فرق نہیں پڑے گا، کرپشن کے خلاف عملی اقدامات ضروری ہیں ،قومی سلامتی کے معاملے پر تاجر برادری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔اختتام پر انہوں نے صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا کی صحت اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی۔