راولپنڈ ی کے ہسپتالوں میں پانی کے رسائو کا سروے کرنیکی ہدایت
نیسپاک،یو ای ٹی سے سٹڈی کروائی جائے ،کمشنر نے جامع رپور ٹ طلب کر لی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کی زیر صدارت پانی کے رساؤ (سیپیج) اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے ہونے والے مسائل کے حل کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ، بے نظیر بھٹو ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بے نظیر بھٹو ہسپتال بیسمنٹ میں پانی رساؤ کے مسئلے کے دیر پا حل کے لئے اور زیر زمین پانی کی سطح (واٹر ٹیبل) کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے نیسپاک اور یو ای ٹی سے سٹڈی کروائی جائے تاکہ سیپیج کی بنیادی وجوہات کا سائنسی بنیادوں پر تعین کیا جا سکے اور اس کے مطابق حل وضع کیا جائے۔ کمشنر نے تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی ہسپتالوں میں سیپیج و دیگر مسائل کا تفصیلی جائزہ لیں اور ایک جامع رپورٹ پیش کریں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ ہسپتالوں میں پانی کے رساؤ کا مسئلہ نہ صرف انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ مریضوں اور عملے کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔