نیازی ٹاؤن چوک، مصریال روڈ پر تجاوزات، ٹریفک جام معمول
بعض عناصر کی مبینہ ملی بھگت،انتظامی غفلت کے باعث تجاوزات قائم کی گئی ہیں متعلقہ حکام کو کئی بار بتایا لیکن شنوائی نہیں ہو رہی ،مریض،طلبہ رلنے لگے ،اہل علاقہ
راولپنڈی(دنیا رپورٹ)راولپنڈی میں واقع نیازی ٹاؤن چوک میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف شہریوں کا صبر جواب دینے لگا، متعدد شکایات کے باوجود انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی۔ اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کے کنارے قائم پھلوں اور سبزیوں کے غیر قانونی سٹالز نے پورے علاقے کی ٹریفک نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ، جہاں روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ،مقامی شہریوں کے مطابق کئی بار کنٹونمنٹ بورڈ اور متعلقہ حکام کو تحریری و زبانی شکایات دی گئیں مگر اب تک کسی قسم کی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض عناصر کی مبینہ ملی بھگت اور انتظامی غفلت کے باعث یہ تجاوزات بدستور قائم ہیں، ٹریفک جام کے باعث طلبہ، ملازمین، مریض اور عام مسافر روزانہ اذیت کا شکار ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں ریسکیو گاڑیوں کی آمدورفت بھی شدید متاثر ہوتی ہے ۔اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، ذمہ دار افسران کا تعین کرنے اور غیر قانونی تجاوزات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔