واجبات کے مقر رہ اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں ، میونسپل افسروں کو ہدایت
محصولات میں بہتری کے لیے اقدامات جاری،ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی،کمشنر ، انسداد تجاوزات مہم سے بھی آگاہ کیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودھا و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن حافظ شوکت علی نے میونسپل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ واجبات کی وصولی کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کریں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے مختلف ونگز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیف آفیسر زویا بلوچ، ایم او فنانس، ایم او پلاننگ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم او فنانس نے ادارے کی آمدن، اخراجات اور رواں مالی سال کے مقررہ اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ محصولات میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔
کمشنر کو انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ایم او پلاننگ نے ای بز پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں اور ان کے بروقت نمٹانے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سسٹم کو مزید مو ثر بنایا جا رہا ہے ۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، اس لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔