انٹرامتحانات کے پہلے مرحلے کے انتظامات مکمل
مجموعی طور پر ایک لاکھ 59 ہزار 572 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے صبح کے اوقات میں 103،شام میں 42 امتحانی مراکز قائم ،بورڈچیئرمین
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو اور ناظم امتحانات زرینہ راشد نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رواں سال کے امتحانی انتظامات کی تفصیلات جاری کر دیں۔اس سال امتحانات کے پہلے مرحلے (فیز ون) میں پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، ہوم اکنامکس اور جنرل گروپس کے امتحانات لیے جائیں گے ، جن میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 59 ہزار 572 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے ۔انھوں نے بتایا کہ امتحانات کے لیے صبح کے اوقات میں 103 جب کہ شام کے اوقات میں 42 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 30 امتحانی مراکز نجی کالجز میں بنائے گئے ہیں۔ مزید برآں، صبح کے سیشن کے لیے 27 سپر ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جب کہ 21 امتحانی مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے متعدد نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈیجیٹل اٹینڈنس ایپلیکیشن متعارف کرائی گئی ہے ، جب کہ پرچوں کی تیاری سے لے کر ترسیل اور تقسیم تک مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ پرچوں کی ترسیل سے تقسیم تک تصویری شواہد (تصاویر) لینا لازمی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امتحانی عمل کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی اور 4 مختلف مراحل (فیزز) میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔