وہاڑی میں انسداد ڈینگی اقدامات مزید تیز کرنے کا حکم
ہاٹ سپاٹس کی نگرانی اور سرویلنس سخت کی جائے ،ڈپٹی کمشنر خالد جاوید
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سرویلنس، انسدادی اقدامات اور ڈیش بورڈ سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے بہتر کارکردگی پر تمام محکموں کو شاباش دیتے ہوئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وہاڑی کو ڈینگی سے پاک رکھنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام محکموں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہاٹ سپاٹس کی نگرانی سخت کی جائے اور سوئپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ ڈیش بورڈ پر بوگس سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ گھروں، نرسریوں، قبرستانوں، عیدگاہوں، کاٹھ کباڑ شاپس اور سروس اسٹیشنز کی سرویلنس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سبزی منڈیوں اور غلہ منڈیوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں، جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے جائیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے اجلاس میں بتایا کہ اب تک 56 نوٹسز جاری اور ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ، جبکہ 315 ان ڈور اور 58 آؤٹ ڈور ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ اپریل میں 87 ہزار 872 گھروں کی سرویلنس کی گئی اور 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد کنٹینرز چیک کیے گئے ۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران بھی شریک تھے ۔