گیپکو کی سخت پالیسی، ڈویژن میں 38بڑی صنعتیں بند
کنکشن بحال نہ ہونے سے اربوں روپے کے واجبات کی ریکوری رک گئی ،سکیو رٹی ضبط واجبات ادا کر نیوالی صنعتوں کے کنکشن بحال کر دئیے جا ئینگے :گیپکو حکام کا موقف
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گیپکو کی سخت پالیسیوں کے باعث گوجرانوالہ ڈویژن میں 38 بڑی انڈسٹریز بند،اربوں روپے کے واجبات کی ریکوری لٹک گئی جبکہ گیپکو حکام نے صنعتکاروں کو کنکشن بحال کرنے پر سخت شرائط عائد کردیں جس سے نہ صرف گیپکو کے اربوں روپے کے واجبات کی ادائیگی رک گئی بلکہ کروڑوں ماہانہ یونٹس کی سیل بند ہونے سے وفاقی حکومت کو نقصان پہنچنے لگا۔گیپکو نے گزشتہ سال 38 بڑے صنعتی یونٹس کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کنکشنز کاٹ د ئیے تھے جن میں فرنسز ،ٹائلز اور دیگر انڈسٹریز شامل تھی، کنکشن منقطع ہونے کے بعد ان کی کروڑوں روپے کی متنازعہ ٹیکسز کی رقوم بھی بلوں میں شامل کردی اور ان کی سکیورٹی فیسوں کی مد میں جمع رقوم بھی ضبط کرلی، فی انڈسٹری کے بلوں کی رقوم دو سے تین گنا بڑھ گئی جس کے باعث کاروباری افراد کے کنکشنز کی بحالی مشکل ترین ہوگئی۔ ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود انڈسٹریز بند پڑی ہیں جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا۔ دوسری جانب گیپکو حکام کا کہنا ہے جو انڈسٹریز واجبات ادا کررہی ہیں ان کے کنکشن بحال کرد ئیے جائیں گے ۔