کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر سجنے کو تیار

کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر سجنے کو تیار

سہ روزہ میلہ یکم مئی سے 3 مئی تک ایکسپو سینٹر میں منعقد کیا جائے گا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کا سب سے بڑا تعلیمی اور ٹیکنالوجی ایونٹ ‘کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026’ سجنے کو تیار ہے ۔ یہ سہ روزہ بک اینڈٹیک فیئر یکم مئی سے 3 مئی تک کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 اور 3 میں علمی و فنی روشنی بکھیرے گا۔کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026 کے چیئرمین علی کے چشتی نے تیاریوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میگا ایونٹ کے تمام اسٹالز پہلے ہی بک ہوچکے ہیں، جو عوام اور اداروں کی بھرپور دلچسپی کا ثبوت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس میلے میں 200 سے زائد بُک اور ایڈ ٹیک اسٹالز لگائے جائیں گے جبکہ 75 سے زائد قومی و بین الاقوامی ایڈ ٹیک ادارے اپنی جدید ترین مصنوعات اور تعلیمی خدمات پیش کریں گے ۔ایونٹ کی نمایاں خصوصیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روبوتھون 3.0 اس میلے کی سب سے بڑی کشش ہوگی، جہاں روبوٹکس کے سنسنی خیز مقابلوں میں ملک بھر کے باصلاحیت طلبہ اپنی تکنیکی مہارتوں اور حیرت انگیز ایجادات کا لوہا منوائیں گے ۔اسی طرح انٹرنیشنل پویلین میں عالمی پبلشرز اور بین الاقوامی ایڈ ٹیک اداروں کی شرکت علمی روابط کو عالمی سطح پر جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ مستقبل کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل لیٹریسی کے موثر استعمال پر خصوصی تربیتی سیشنز اور ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔خدمات کا اعتراف اور انعامات کے سلسلے میں ایک باوقار تقریبِ پذیرائی بھی منعقد کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں