جھڈو:مویشی منڈی میں مہنگائی کے اثرات غالب نظر آئے
منڈی میں جانور موجود، خریدار غائب، دگنی قیمت طلب کی جارہی ہے ، خریدارفارمنگ کے اخراجات دگنے ہوگئے ، مناسب منافع مانگ رہے ہیں، مالکان، گفتگو
جھڈو (نمائندہ دنیا)ملک میں جاری بدترین مہنگائی کی لہر سے جھڈو کی مویشی منڈی کی رونقیں بھی ماند پڑ گئیں، گزشتہ روز جھڈو میں لگنے والی مویشی منڈی میں بڑی تعداد میں قربانی کے جانور فروخت کے لیے لائے گئے لیکن خریداری نہ ہونے کے برابر دیکھنے میں آئی، بتایا جاتا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے مالکان گائے ، بیل اور بکروں کی قیمتیں بہت زیادہ بتارہے تھے جبکہ خریدار کم نرخوں پر قربانی کا جانور خریدنا چاہتے تھے مالکان کے مطابق مہنگائی سے قربانی کے جانوروں کی فارمنگ میں آنے والے اخراجات دوگنے سے بھی زائد ہو گئے ، ہم جائز منافع رکھ کر مناسب قیمت مانگ رہے ہیں لیکن خریدار یہ بھی دینے کو تیار نہیں اور وہ بہت کم قیمتوں پر جانور خریدنا چاہتے ہیں، خریداروں کا کہنا تھا کہ فروخت کرنے والے مویشیوں کی دگنی قیمت طلب کررہے ہیں۔ دوسری طرف سروے کے دوران مویشی منڈی میں جیسا جانور ویسی قیمت کامعاملہ دیکھنے میں آیا، درمیانے درجے کے بکروں کے نرخ 60 سے 70 ہزار کے درمیان، جبکہ زیادہ وزن والے اور خوبصورت بکروں کی قیمتیں ایک لاکھ 20 ہزار سے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد تھیں، اکا دکا بکرے بہت زیادہ مہنگے تھے یہی صورتحال بڑے جانوروں کیساتھ بھی تھی، درمیانے درجے کی گائے اور بیل کی قیمتیں 2 لاکھ سے 3 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔