محراب پور:ڈنڈے مارکر ماموں نے 7سالہ بھانجا قتل کردیا
ملزم ذہنی مریض، علاج چل رہا، پولیس، گھوٹکی میں سیاہ کاری تنازع، نوجوان زخمیعرفان میرانی کی حالت تشویشناک، محراب پور، شہداد پور میں 2افراد کی خودکشی
محراب پور، اندرون سندھ (نمائندگان) ماموں نے ڈنڈے مار کر بھانجاقتل کر دیا، جبکہ گھوٹکی میں کاروکاری تنازع پر نوجوان پر گولیاں برسا دی گئیں، محراب پور اور شہداد پور میں 2 افراد نے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق محراب پور کے نواحی گاؤں فیض محمد موجائی میں فاروق موجائی نے ڈنڈے سے حملہ کرکے اپنے 7 سالہ بھانجے فہد موجائی ولد ثناء اللہ موجائی کو قتل کر دیا، پولیس کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں۔ جبکہ گاؤں خان محمد ڈاہری میں 39 سالہ ندیم ڈاہری ولد جمن ڈاہری کی گھر سے پھندا لگی لاش ملی۔
شہدادپور کے قریب لنڈو اسٹاپ کے گاؤں عالم خان زرداری کے رہائشی 35 سالہ نوجوان امام بخش زرداری نے مبینہ بیرانی روڈ پر قائم ریلوے پھاٹک کے قریب خودکشی کرلی۔ متوفی چار بچوں کا باپ تھا۔پولیس کے مطابق امام بخش زرداری کی جیب سے ایک تحریری حلف نامہ بھی ملا ہے ، جس میں اس نے لکھا کہ اس پر مسلسل ظلم ہوتا رہا، وہ انصاف کے لیے تھانے تک گیا اور قرآن اٹھا کر بھی فریاد کی، مگر نہ پولیس نے سنی اور نہ کسی بااثر شخص نے اس کی داد رسی کی۔ گھوٹکی کے علاقے میں مہران ہوٹل کے قریب ملزم محمد علی میرانی نے مبینہ طور پر گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عرفان میرانی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم فرار ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال منتقل کیا، جہاں سے سکھر ریفر کر دیا گیا۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا۔