معرکہ حق باطل قوتوں کیخلاف ڈٹ جانے کا پیغام، مقررین
کامیابی کسی ایک جماعت یاطبقے کی نہیں پوری قوم کی ہے ، سکھر میں سیمینار
سکھر (بیورو رپورٹ)مرکزی مسلم لیگ سکھر کے زیر اہتمام معرکۂ حق بنیان مرصوص، فتحِ مبین کے پہلے سال کے موقع پر سکھر پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،اے پی سی میں محمد اشرف باجوہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ سکھر ڈویژن) مولانا عبد الستار بروہی (مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان س گروپ)مولانا محمد عثمان (مرکزی جمعیت اہلحدیث سکھر) حافظ غلام اللہ بروہی (مرکزی رہنما جمعیت علماء اسلام ف) محمد رضوان قادری میمن(سنی تحریک) مولانا عمران (جماعت غرباء اہلحدیث) شاہدصدیقی جنرل سیکرٹری مکی شاہ ٹاؤن سمیت سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے رہنماؤں، وکلا، تاجر برادری اور شہریوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ معرکۂ حق نے قوم کو اتحاد، استقامت اور باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا واضح پیغام دیا۔ یہ کامیابی صرف کسی ایک جماعت یا طبقے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ ایسے مواقع قوموں کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور نئی نسل کو اپنی جدوجہد، نظریات اور قومی مقاصد سے آگاہ کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت جن اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ، ان سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے ۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ملکی مفاد سب سے مقدم ہونا چاہیے۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی مسائل، خصوصاً مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔