نوجوان کے اغوا اور قتل کیس میں لرزہ خیز انکشافات
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)قائد آباد سے لاپتہ ہونے والے نوجوان عثمان کے اغوا اور قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
گرفتار ملزم نور عالم نے پولیس کے سامنے اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ عثمان کو اس کے اپنے ہی دوستوں نے مبینہ تعلقات اور غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کیا۔گرفتار ملزم نور عالم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ہمارا پانچ دوستوں کا ایک گروپ تھا، جس میں شامل ایک دوست کی اہلیہ کے ساتھ عثمان کے مبینہ تعلقات تھے ، گروپ کے تمام دوستوں نے مل کر عثمان کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنایا۔ 29 اپریل کی رات ملزمان عثمان کو اس کی اپنی گاڑی میں کراچی سے باہر نوری آباد لے گئے ۔ملزم کا کہنا تھا کہ نوری آباد کے قریب پہنچتے ہی عثمان کے موبائل فون بند کر دیے گئے تاکہ لوکیشن ٹریس نہ ہو سکے ۔