دہرے قتل کیس میں سات سال بعد اہم پیشرفت
مرکزی ملزم عاطف زمان نے بیان ریکارڈ کرا دیا، کیس حتمی مرحلے میں داخل مقدمے کاشریک ملزم عادل زمان ضمانت خارج ہونے کے بعد مفرور ہوگیا تھا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیشن عدالت میں اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے دہرے قتل کیس میں سات سال بعد اہم پیشرفت سامنے آگئی، مرکزی ملزم عاطف زمان نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا جبکہ کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران ملزم عاطف زمان نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور مرید عباس اور خضر حیات کے قتل میں ملوث ہونے سے انکار کردیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی عادل زمان کے ساتھ مل کر دونوں مقتولین کو دفتر بلا کر قتل کیا تھا۔
پراسیکیوشن کا مؤقف ہے کہ مقدمے میں گواہان، تفتیشی افسر اور دیگر تمام متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا فارنزک بھی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے ۔ مدعیہ کے وکیل جبران ناصر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف قتل میں ملوث ہونے کے تمام شواہد عدالت میں جمع کروا دیے گئے ہیں اور کیس فیصلہ کن مرحلے میں ہے ۔ ریکارڈ کے مطابق شریک ملزم عادل زمان کی ضمانت سپریم کورٹ سے خارج ہونے کے بعد وہ مفرور ہوگیا تھا، جس پر عدالت اسے پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے ۔ عدالت نے مقدمے میں فریقین کے وکلا کو 14 مئی کو حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔