چوبیس ٹاؤنز کی سڑکوں کے لئے 13 ارب روپے منظور

چوبیس ٹاؤنز کی سڑکوں کے لئے 13 ارب روپے منظور

تعلیمی اداروں، عدالتوں اور اسپتالوں کی مرمت کے لیے بھی فنڈز مختص فنڈز کے استعمال میں بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائیگی،ناصر حسین شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انفرااسٹرکچر ، سڑکوں کی بحالی اور نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ضیاء الحسن لنجار اور سعید غنی سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہری ڈھانچے کی بہتری کو اولین ترجیح دیتے ہوئے 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں سڑکوں کی بحالی کیلئے 13 ارب روپے کی منظوری دی گئی جس کے تحت ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی تعمیر نو، پیچ ورک اور مرکزی شاہراہوں کی اپ گریڈیشن شامل ہوگی ۔

اسی طرح کورنگی صنعتی علاقے میں پرانے سیوریج پمپنگ اسٹیشن کی ہنگامی مرمت کیلئے 364 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ 32 انچ قطر کی پائپ لائن بچھانے کیلئے 1258.859 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ مزید برآں تعلیمی اداروں، عدالتوں اور اسپتالوں کے انفرااسٹرکچر کی مرمت، تزئین و آرائش اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی فنڈز مختص کیے گئے جبکہ کراچی سمیت دیگر اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور مختلف محکموں کی مالی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جاری اسکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لے کر متعلقہ حکام کو رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فنڈز کے استعمال میں بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں