میرپورخاص:2 افراد کے قاتلوں کو 25، 25 برس قید ،جرمانہ
میرپورخاص (بیورورپورٹ) میرپورخاص کے فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج اور ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کے جج ندیم ظفر ہاشمی نے کوٹ غلام محمد میں گھر کے اندر ڈکیتی کی واردات کے دوران دو افراد چچا بھتیجے حاجی عبدالوکیل پٹھان اور نعمت اللہ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر دو مجرموں روشن علی جونیجو اور شاہد محمود آرائیں کو 25، 25 سال قید اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
اسی واقعہ میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کا جرم ثابت ہونے پر دونوں مجرموں کو مزید 5، 5 سال قید اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔ عدالت نے شواہد ناکافی ہونے پر مقدمے میں نامزد 5 ملزموں دلبر شاہ، ذوالفقار علی بھٹو، علی اظہر ، شہمیر نظامانی اور سبحان تھہیم کو بری کر دیا، جبکہ مقدمے میں 4 ملزمو محمد سچل، عمر، گل نواز اور حنیف مفرور ہیں۔ کوٹ غلام محمد تھانے کی حدود میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کا واقعہ 2024 میں پیش آیا تھا۔