جیکب آباد:گھر آئے رشتہ داروں نے اہل خانہ کو بیہوش کر کے گھر لوٹ لیا
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد کے قریب گاؤں محراب جکھرانی میں چوری کی ایک انوکھی واردات، گھر آئے رشتہ داروں نے اہل خانہ کو نشہ آور چیز پلاکر بے ہوش کیا اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر لے گئے ۔
متاثرین کے مطابق ملزم کمال اور مالھو جکھرانی نے رات گئے بوتل میں نشہ آور چیز ملا کر پلادی، جس کے باعث گھر کے تمام افراد بے ہوش ہوگئے ، جبکہ ملزم گھر میں موجود ڈھائی لاکھ روپے ، 40 تولہ چاندی اور سونا چوری کر کے فرار ہوگئے ۔ صبح کے وقت ہوش آنے پر اہل علاقہ کو واقعہ کا علم ہوا۔ متاثرہ افراد کے رشتہ دار مورزادو جکھرانی نے مطالبہ کیا کہ ملزموں کو فوری گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان اور نقدی واپس کرائی جائے۔