سکھر:سپرنٹنڈنٹ انجینئر سیپکو گھوٹکی کے نازیبا الفاظ،نشے کانوٹس
چیئرمین سیپکو بورڈ کا سی ای او سے رابطہ، معاملے کی شفاف تحقیقات کرنے کا حکم5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم، غلام علی تنیو کو ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت
سکھر (بیورو رپورٹ) ایس ای سیپکو گھوٹکی کی جانب سے نازیبا الفاظ ، مبینہ نشہ استعمال کرنے کا معاملہ ، چیئرمین سیپکو بورڈ نے نوٹس لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سیپکو گھوٹکی سرکل کے سپرننٹنڈنگ انجینئر غلام علی تنیو کی جانب سے سائٹ چیکنگ کے دوران نامناسب زبان اور نشہ استعمال کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کا سیپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین غلام مصطفی لغاری نے نوٹس لے لیا اور اس سلسلے میں سی ای او سیپکو انجینئر اعجاز احمد چنہ سے رابطہ کرکے معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے ۔ جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو انجینئر اعجاز احمد چنہ نے تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر کسٹمر سروس سیپکو مشتاق احمد عباسی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے ،جس میں کنوینر مشتاق احمد عباسی کے علاوہ چیف فنانشل آفیسر امداد علی میرانی ، ایچ آر و ایڈمن ڈائریکٹر دیپک کمار اور میڈیکل سپرننٹنڈنٹ واپڈا اسپتال سکھر ڈاکٹر عاشق حسین ڈومکی شامل ہیں۔ سی ای او سیپکو اعجاز احمد چنہ نے کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کریں ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مذکورہ افسر کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ کوئی نشہ آور چیز استعمال تو نہیں کرتے ۔ سی ای او سیپکو نے کمیٹی کی رپورٹ آنے تک ایس ای سیپکو سرکل گھوٹکی غلام علی تنیو کو فوری طور پر ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔