ایرانی شرائط ردکرکے ٹرمپ کا صہیونی ایجنڈا سامنے آگیا،شجاع شیخ
امریکی صدرکے بیان نے مذموم صہیونی مقاصد کو ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہےعورت مارچ کے انعقاد کی اجازت دینا قابل مذمت،فوری پابندی لگائی جائے ، بیان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مستقل جنگ بندی کے لیے ایرانی شرائط منظور نہ کرنے سے صہیونی ایجنڈا کھل کر سامنے آگیا، مغرب کے تعفن زدہ معاشرتی و خاندانی نظام کی عکاسی کرنے والے عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت دینا قابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم ِ اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا ٹرمپ ایک عرصے سے ایران کے ساتھ مستقل جنگ بندی اور خطے میں امن کے قیام کا ڈھونگ رچارہے تھے ،لیکن ان کے حالیہ بیان نے خطے کے حوالے سے صہیونیوں کے مذموم مقاصد کو ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے ، حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل اپنے تو سیعی منصوبے گریٹر اسرائیل سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اس حوالے سے اسے ٹرمپ کی مکمل معاونت حاصل ہے ،پھر یہ کہ پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کو یہ کہہ کر رد کر دینا کہ پاکستان کے اپنے مسائل سے بہت ہیں لہذا وہ انہیں حل کرے ،درحقیقت وزیرا عظم اور فیلڈ مارشل کی مسلسل تعریفوں کے بعدٹرمپ کا ایک بڑا لیکن متوقع یو ٹرن ہے ، جس کے منفی نتائج کا ادراک اب ملکی سیاسی و عسکری قیادت کو ہو جانا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کراچی میں عورت مارچ کا انعقاد انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نوعیت کی غیر شرعی حرکات کا نوٹس لے کر فوری پابندی لگائے ۔