سول اسپتال کی ایمرجنسی میں 100بستروں تک توسیع
آئی سی یو یونٹ، وینٹی لیٹر، سینٹرل آلائش آکسیجن سسٹم، مانیٹرز بھی نصب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے شعبہ حادثات میں 100 بستروں تک توسیع کردی گئی۔اس سے قبل ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے لئے 40 بستر مختص تھے ، نئی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کوون ونڈ آپریشن کے تحت تمام میڈیکل سروسز فراہم کی جائیں گی۔جدید تقاضوں کے مطابق توسیع کا یہ منصوبہ سول اسپتال انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کیا ہے ۔نئی توسیعی ایمرجنسی کا افتتاح وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا۔ نئی قائم کی گئی ایمرجنسی مکمل ائیرکنڈیشڈ ہے جس میں آئی سی یو یونٹ، وینٹی لیٹر، سینٹرل آلائش آکسیجن سسٹم، مانیٹرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔ شعبہ ایمرجنسی میں ہی ڈینگی سمیت دیگر انفیکشن سے متاثرہ مریضوں کے لئے علیحدہ سے بستر بھی مختص کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر خالد بخاری نے بتایا ہے کہ سول اسپتال کے شعبہ حادثات میں یومیہ 1700 سے 1800 مریض رپورٹ ہوتے ہیں جنہیں مختلف طبی مسائل کا سامنا ہوتا جس کے بعد مریضوں کو علاج کے لیے مختلف یونٹوں میں بھیجا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نئی ایمرجنسی میں ایکسرے سمیت تمام تر سہولیات ون ونڈو آپریشن کے تحت مریضوں کو فراہم کی جاسکیں گی۔